جسٹس اشتیاق ابراہیم پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس تعینات‘ سندھ ہائیکورٹ کے 6 جج مستقل

Apr 13, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصو صی) صدر مملکت کی منظوری سے پشاور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا۔ قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ تعینات کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان 14 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سندھ ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز کو ہائی کورٹ کا مستقل جج بنانے کا حکم جاری کر دیا۔ وزارت قانون نے ججز کے مستقل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مستقل ہونے والوں میں جسٹس امجد علی بویو، جسٹس ثنا اکرم منہاس، جسٹس جواد اکبر سروانہ، جسٹس محمد عبدالرحمان، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب علی ہیکڑو شامل ہیں۔ مستقل ہونے والے ججز 13 اپریل کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف برداری سندھ ہائی کورٹ میں ہو گی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی مستقل ہونے والے ججز سے حلف لیں گے۔

مزیدخبریں