اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید کے تینوں روز ملک بھر میں امن و امان اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت سے نماز عید کے اجتماعات و تقریبات پرامن ماحول میں ہوئیں۔ محسن نقوی نے بہترین انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ فول پروف انتظامات کے باعث پاکستان بھر میں لوگوں نے پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منائیں۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی عید کی خوشیاں قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کیلئے قربان کیں۔ پاکستان بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قیام امن سے متعلقہ اداروں کا ہر فرد مبارکباد کا مستحق ہے۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام اداروں نے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا جو قابل تحسین ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے نماز عید الفطر لاہور میں ادا کی اور نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی۔ محسن نقوی نے دوست احباب سے عید ملی اور مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عیدالفطر کا پیغام احساس ہے۔ ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ یہی پیغام عید ہے۔ آج مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ اقوام عالم کو یہ مظالم فوری روکنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
عید پر بہترین انتظامات : محسن نقوی کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش
Apr 13, 2024