کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ملاقات میں صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے سندھ اوربلوچستان کے اشتراک پر اتفاق کرلیا گیا۔سرفراز بگٹی نے نوڈیرو میں بلاول بھٹو زرداری اورفریال تالپور سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کابینہ کی تشکیل سمیت مختلف سیاسی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بلاول بھٹو اورفریال تالپورکو عید کی مبارکباد دی اور بلوچستان میں صحت، تعلیم کے شعبوں سمیت گڈگورننس سیمتعلق ترجیحات سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے بلاول بھٹوکوبلوچستان میں بینظیربھٹو اسکالرشپ پروگرام کے اجرا سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے سندھ اوربلوچستان کی صوبائی حکومتوں کے اشتراک پر اتفاق کیا اور کہاکہ پیپلزپارٹی کے وڑن کے مطابق غریب عوام کی بہبود کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ بلوچستان دل کے قریب ہے، بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے پہلے بھی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بلوچستان کی معاونت کرے گی اور بلوچستان میں عوامی فلاح کے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے سندھ کے شہر گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو، نصرت بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی۔سرفراز احمد بگٹی نے گڑھی خدابخش کا دورہ کیا اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، نصرت بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی۔انہوں نے بھٹو خاندان کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گڑھی خدا بخش میں شہداء کے ایصال ثواب کیلیے دعا کی، بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوڈیرو میں بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔