مسلم لیگ (ن) نوجوانوں، کسانوں اور عوام کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی: نوازشریف

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے شاہکوٹ سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دوبارہ گنتی میں عوامی مینڈیٹ ملنے پر انہیں مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی قائد میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ننکانہ شاہکوٹ کے عوام کو میرا سلام، ننکانہ جلسے میں عوام کے ساتھ جو وعدے کئے وہ مکمل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ میں تعلیمی ادارے بنیں گے اور صوبہ بھر میں خوشحالی کا دور واپس لائیں گے، نون لیگ نوجوانوں، کسانوں اور عام آدمی کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔نیٹ نیوز کے مطابق  قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مری پہنچ گئے۔نوازشریف اور مریم نواز 3 سے 4 دن مری میں قیام کریں گے، اہل خانہ بھی ان کے ساتھ ہیں، شریف خاندان عید کی چھٹیوں کے لئے مری پہنچا۔ذرائع کے مطابق مری میں قیام کے دوران کوئی سیاسی ملاقات نہیں ہوگی، دونوں اپنی رہائش گاہ کشمیر پوائنٹ پر قیام کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن