پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں: وزیراعظم

لاہور+ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے  لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعظم نے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عید مناتے ہوئے قوم کو ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے قوم سے کہا کہ وہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں۔ آئیے ہم ان لوگوں کا خیال رکھنے کا اعادہ کریں جنہیں ہماری ضرورت ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں جن کا خون آج بھی بہایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور حمزہ شہباز نے بھی وزیراعظم کے ساتھ نماز ادا کی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد دی۔ عید کے موقع پر ملائیشیا کے عوام کیلئے بھی مبارکباد اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔ پاکستان ملائیشیا تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی لازوال شاعری کا ملائیشین زبان میں ترجمہ ہو رہا ہے جس کا اجرا ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کے دورہ پاکستان کے دوران ان کے دست مبارک سے کرایا جائے گا۔ دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے غزہ میں نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی بربریت و نسل کشی کے خلاف ملائیشیا کے واضح اور دوٹوک موقف کی تعریف کی۔ دونوں رہنمائوں نے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی پاکستان کے موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ شہبازشریف نے امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان، امیر قطر شیے تمیم بن حمد الثانی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان، عمان کے سلطان حاتم بن طارق، آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف اور قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے برادر ممالک کے عوام کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور برادر ممالک کے ساتھ اقتصادی شعبے بالخصوص تجارت، دفاع، توانائی اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ کویت کے وزیراعظم نے شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد دی۔ کویتی وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے پاک کویت اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ شہبازشریف نے صدر زرداری، بلاول بھٹو اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے اتحادی حکومت میں آپ کا تعاون تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ہم محنت سے پاکستان کو اس مقام پر لے جائیں گے جس کا خواب پاکستان کے معماروں نے دیکھا تھا۔ دعا ہے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے یہ اتحاد مبارک ثابت ہو اور آئندہ عیدالفطر پر پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط و مستحکم ہو۔ شہبازشریف نے چیئرمتین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف، سربراہ پاک فضائیہ اور نیول چیف کو ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قوم وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ افواج پاکستان کے سربراہ کی قیادت میں ہمارے جوان وطن دشمنوں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔ قوم شہداء کو خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے فضل الرحمن کو عیدالفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم اور وزیرداخلہ میں عیدالفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے عیدالفطر کے موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے لاہور میں ملاقات کی۔ وفاقی وزارت خزانہ و محصولات کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو اپنے دورہ امریکہ سے متعلق آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے طے شدہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن