شیخوپورہ‘ سانگلہ ہل (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ محلہ مچھلی فارم میںغیرت کے نام پر بھائی نے 18 سالہ بہن کو تیز دھار آلہ سے قتل کرکے نعش سیم نالہ میں پھینک دی جبکہ قاتل نے 28 رمضان المبارک کو خود ہی تھانہ میںاپنی بہن کی گمشدگی کی رپٹ درج کروائی۔ ایس ایچ او بی ڈویژن نے شک گزرنے پر جب بھائی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے سب کچھ اگل دیا۔ بتایا گیا ہے کہ عمران کو اپنی 18 سالہ بہن پر شک تھا کہ اس کے کسی سے ناجائز تعلقات ہیں جس پر اس نے اپنی بہن کا تیز دھار آلے سے گلہ کاٹ کر نعش کو معراج پورہ کے قریب سیم نالہ میں پھینک دیا اور خود ہی تھانہ میں اس کی گمشدگی کی رپٹ درج کروا آیا۔ دریں اثناء سانگلہ ہل میں غیرت کے نام پر بھتیجے نے پھوپھو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ چک نمبر18ج ب کے رہائشی وقاص عباس ولد غلام عباس کو اپنی پھوپھی صائمہ بی بی کے چال چلن پر شک تھا۔ گائوں کے ایک اجنبی شخص کے ساتھ دیکھا تو اس نے سمجھانے کی کوشش کی جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور وقاص عباس نے طیش میں آکر اپنی پھوپھی صائمہ بی بی کو گولیاں ماریں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ تھانہ ساہیانوالہ کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولہ کی نعش قبضہ میں لیتے ہوئے ضروری کارروائی کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کردی اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
غیرت پر شیخوپورہ بھائی کے ہاتھوں بہن‘ سانگلہ ہل میں بھتیجے نے پھوپھی کو قتل کر دیا
Apr 13, 2024