حجرہ شاہ مقیم+ رینالہ خورد+ اوکاڑہ (نامہ نگاران) زمینی تنازعہ تین افراد کی زندگیاں نگل گیا۔ سات افراد زخمی ہوگئے۔ ماں کے بطن میں پلتے بچے کو بھی گولیاں مار دی گئیں۔ افسوسناک واقعہ نواحی گاؤں چک رسالدار میں پیش آیا۔ دونوں اطراف سے مقدمات درج، تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گزشتہ روز نواحی گاؤں چک رسالدار میں محض 6 کنال زرعی اراضی کے حصول کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا۔ فائرنگ کے تبادلہ کے دوران اعظم وٹو گروپ کا اسد علی موقع پر جاں بحق جبکہ حاملہ خاتون آمنہ بی بی، حق نواز، اقبال اور خود اعظم زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف سے غلام یٰسین سیال گروپ کا غلام مصطفی جاں بحق جبکہ صفع اللہ، احمد اللہ اور غلام رسول زخمی ہو گئے۔ حاملہ خاتون آمنہ بی بی کو پیٹ میں گولیاں لگنے سے تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کیا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو دیپالپور اور ساہیوال کے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا۔ بعدازاں آمنہ بی بی کے بطن میں پلنے والے بدقسمت بچے کی بھی گولیاں لگنے سے موت کی تصدیق کر دی گئی۔ پولیس نے سنگین واقعہ کا کرائم سین اٹھا کر قانونی کارروائی کرتے ہوئے متحارب گروپس کے مقدمات درج کرلیے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ پولیس کے مطابق اب تک واقعہ میں ملوث تین ملزموں غلام رسول، غلام مرتضیٰ اور احمد اللہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حجرہ شاہ مقیم: اراضی کے تنازعہ پر 2 گروپوں میں تصادم، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی
Apr 13, 2024