لاہور (نامہ نگار) ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید سہوترا نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان میں تحفظ نہیں، آئینی عہدوں میں شراکت داری چاہیے۔ پاکستانی اقلیتوں کو حقوق حاصل کرنے کے لیے قومی، صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ جیسے آئینی اداروں کا حصہ بننا ہو گا اور اس ملک میں عزت اور اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے ہمیں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں پی پی اقلیتی ونگ وسطی پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا کی طرف سے مریم نشاط کالونی میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاسٹر معظم، پطرس سہوترا، خالد گل، عمران پال، ڈیوڈ سندھو، جہانگیر کھوکھر، عاصم عدنان بھی موجود تھے۔ تقریب سے اقلیتی رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا، اسلم گل، علی بدر اور خالد گل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سہوترا برادری کی طرف سے معزز مہمان خصوصی کی دستار بندی بھی کی گئی اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ پنجاب میں مسیحیوں کی بڑی آبادی رہتی ہے مگر ہمیں سیاسی جدوجہد تیز کرنا ہو گی۔ ایک غریب کارکن کا ڈپٹی سپیکر کے عہدے پر بیٹھنا اس کی سیاسی معراج ہے۔ بھٹو خاندان ملک کی اقلیتی برادری کو کبھی مایوس نہیں کر سکتا۔ رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی ہمیشہ پسے ہوئے طبقات کو بھر پور نمائندگی دیتی ہے۔ شہباز بھٹی کو ماضی میں وفاقی وزیر بنایا۔ سرکاری ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ اور سینٹ میں اقلیتوں کے لیے چار نشستیں پیپلز پارٹی نے مخصوص کرائیں۔ اسلم گل نے کہا ہم ترقی تب کریں گے جب یہاں رہنے والی تمام اقوام کو ترقی کے مساوی مواقع ملیں گے۔
تحفظ نہیں، آئینی عہدوں میں شراکت داری چاہئے: ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی
Apr 13, 2024