لاہور(نامہ نگار) پولیس نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی۔آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ عید الفطر پر 27 ہزار سے زائد مساجد، 775 کھلے مقامات پر عید اجتماعات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی،صوبائی دارالحکومت میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار 5 ہزار سے زائد مساجد،امام بار گاہ،عید اجتماعات کی سکیورٹی پر تعینات رہے۔پولیس کے 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے ہیں۔مساجد، امام بار گاہ،عید گاہوں، کھلے مقامات، پارکوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی، ڈولفن سکواڈ،پی آر یو، ایلیٹ فورس کی ٹیمیں عبادت گاہوں، قبرستانوں کے گرد مسلسل پٹرولنگ یقینی بنایا، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سپروائزری افسران نے عید سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا،عید الفطر کی چھٹیوں میں ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی کے خلاف خصوصی مہم جار ی رہی اور قانون شکنوں کیخلاف سخت ایکشن لیا گیا، ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر داخلی وخارجی راستوں پر گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور اشخاص کی چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیا گیا جبکہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی جیسے مجرمانہ فعل کے خلاف قانونی کارروائیاں جار ی رہیں۔
عید الفطر اجتماعات ‘پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی
Apr 13, 2024