لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیرعالمی جماعت اہلسنت و امیر دارالعلوم حزب الاحناف پیر سید مصطفیٰ اشرف رضوی نے کہا ہے کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے۔ یہ مبارک دن پوری امت مسلمہ کیلئے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔ یہ مبارک دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں، یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ غزہ،فلسطین اور مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کیلئے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اسرائیل و بھارت کا ظلم، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔ عید کے پْرمسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع حزب الاحناف داتا دربار رود پر عیدالفطر کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عید الفطر خوشیاں بانٹنے ، محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن :مصطفیٰ اشرف رضوی
Apr 13, 2024