لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ حکومت تمام آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کیلئے ہنگامی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ جلد صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کے تحت ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع حاصل ہوں گے۔ گزشتہ 5 سالوں میں اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ملک کو 50 سال پیچھے لے گیا۔ ہم نے نئے سرے سے شروعات کی ہیں۔ بہت جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی اور ریلیف عوام آدمی تک پہنچنے گا۔ ہمیں مسائل کا ادراک ہے۔ استقامت کے ساتھ مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید کے دنوں میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ رانا سکندر حیات نے پھولنگر اور گرد و نواح میں حکومتی مہم کے تحت گلیوں محلوں کی صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران انہیں صفائی یقینی رکھنے میں حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے قصور، پتوکی، سرائے مغل اور پھولنگر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی دورہ کیا بالخصوص مختلف منصوبہ جات کے ری ویمپنگ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔حلقہ کی عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ تمام مافیاز بالخصوص تعلیم فروش مافیا سے اس قوم کو نجات دلائیں گے۔ انہوں نے مقامی کسانوں سے ملاقات میں کہاحکومت مڈل مین کا کردار ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ کسانوں کو ان کا حق دلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔