لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسرڈاکٹر محمد الفرید ظفر عید الفطر کی صبح عمرہ ادائیگی سے واپسی پر لاہور جنرل ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے مریضوں و لواحقین ا ور ہیلتھ پرفیشنلز سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ آپ سے عید کی خوشیاں بانٹنے آیا ہوں اور آپ لوگوں سے مل کر بے حد خوشی محسوس ہوئی ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے عید کے پر مسرت موقع پرمٹھائی بھی تقسیم کی جبکہ ایک مریض بچے نے پرنسپل سے عید ی کی فرمائش کر ڈالی جس پرپروفیسر الفرید طفر نے مسکراتے ہوئے پیار سے بچے کو نقدی تھمائی جس پر مریض بچے کے والدین نے دعائیں دیں۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی نے خود ہسپتال آنیوالے مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے خواتین سٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیاں مریضوں کیساتھ منانیوالے ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کیا اور نہیں مبارکباد دی۔انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا دکھی انسانیت کی دعائیں ہیلتھ پروفیشنلز کا مقدر بدلنے کا وسیلہ ثابت ہوتی ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے طب سے وابستہ افراد سے کہا کہ دین اسلام میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت اور زندگی بچانا سب سے عظیم مرتبہ قرار دیا گیا ہے۔