حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ضلعی انتظامیہ کے عید کے موقع پر مہنگائی کنٹرول کرنے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے مقررکردہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عید کرنے گھروں کو لوٹ گئے جس کے بعدشہر بھر کے قصابوں اپنی دکانوں کے سامنے جانوروںکی کھال اتار نے کے ساتھ ساتھ خریداروںکی کھال بھی اتارتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد کی جانب سے عید کے موقع پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقرر کرنے کے بلند بانگ دعوے کئے گئے لیکن چاند رات کے ساتھ ہی شہر بھر میں کوئی ایک بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ دیکھائی نہ دیا جس کے بعد مقامی قصاب جانوروں کو مذبحہ خانہ میں ذبح کرنے کی بجائے اپنی دوکانوںکے سامنے ہی ذبح کرکے انکی کھال اتارنے کے ساتھ ساتھ خریداروںکی کھال بھی اتارتے رہے۔ چھوٹا گوشت جس کا سرکاری ریٹ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی نے 1380/-روپے مقرر کررکھا ہے وہ 22سوروپے کلو میں جبکہ بڑا گوشت سات سو روپے کلو کی بجائے گیارہ سو روپے کلو میں فروخت ہوتا رہا جبکہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنے گھروں میں عید مناتے رہے ۔