ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان

Apr 13, 2024 | 11:31

 ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کا یہ سلسلہ 15 اپریل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے کیوں کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، یہ سسٹم آج سے ملک کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث کراچی میں آندھی کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے جو آئندہ 2 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی، 13 اور 14 اپریل کو سکھر، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں آندھی اور بارش متوقع ہے، کراچی اور حیدر آباد میں بھی آندھی کے ساتھ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور اور بہاولنگر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جہاں مزید بارش کا بھی امکان ہے، راولپنڈی اسلام آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ خیبرپختونخوا میں 15 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، پشاور،چترال، دیر،سوات، ہزارہ، صوابی، مردان، کوہاٹ اورڈی آئی خان میں بارش کا امکان ہے، اس دوران بالائی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ہے، صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں