ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ 15 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، آج بھی ملک کے مختلف حصوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، یہ سسٹم آج سے ملک کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں داخل ہو جائے گا۔

آج سے کراچی میں آندھی کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے، یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13 اور 14 اپریل کو سکھر، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔اس دوران کراچی اور حیدر آباد میں بھی آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے.لاہور اور بہاولنگر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، مزید بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، پشاور،چترال، دیر،سوات، ہزارہ، صوابی، مردان، کوہاٹ اورڈی آئی خان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے.

ای پیپر دی نیشن