پاکستان کا چونسٹھواں یوم آزادی کل منایا جارہا ہے، دن کی مناسبت سے عوام کا جوش وخروش دیدنی ہے، جشن آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ گلیاں اور بازار سبز ہلالی پرچموں سے سج گئے ہیں۔

Aug 13, 2011 | 11:44

سفیر یاؤ جنگ
ملک بھرمیں پوری قوم وطن عزیز کا چونسٹھ واں یوم آزادی پورے جوش وخروش اورملی جذبے کے ساتھ منائے گی۔ کل دن کا آغاز مساجد، گرجا گھروں اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں ملک و قوم کی سلامتی اورخوشحالی کے لیےخصوصی دعاؤں، وفاقی دارالحکومت میں اکتیس توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوگا۔اس موقع پر مزار قائد اور علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات بھی منعقد ہونگی ۔یوم آزادی کے حوالے سے عوامی جوش و خروش دیدنی ہے،ہرکوئی جشن آزادی کو منانے کے حوالے سے دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش میں ہے جبکہ گلیوں اور بازاروں میں لہراتے سبز ہلالی پرچم قوم کی اپنے وطن کے ساتھ محبت کا مظہر بنے ہوئے ہیں، اہم عمارتوں کو برقی قمقوں سے سجادیا گیا ہے جبکہ مختلف تنظیموں کی طرف سے ریلیوں اور سیمینارز کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، وہ اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم زندہ قوم ہیں۔
مزیدخبریں