”عید“ ایکسائز حکام کی ملی بھگت، شراب کی منہ مانگی قیمت پر فروخت شروع

لاہور (احسان شوکت سے) عیدالفطر قریب آتے ہی شراب فروش ہوٹلوں نے محکمہ ایکسائز کے افسران و عملہ سے ملی بھگت کرکے منہ مانگی قیمتوں پر شراب کی بلیک فروخت شروع کر دی ہے جبکہ شراب فروش ڈیلر بھی ایکسائز اہلکاروں کی پشت پناہی سے ہوٹلوں کے باہر دھڑلے سے دو سے تین گنا زیادہ قیمت پر شراب فروخت کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شراب فروش بڑے ہوٹلوں میں ان دنوں بلیک شراب کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کے افسران و عملہ نے اپنا حصہ وصول کرنے کے بعد ہوٹلوں کو مہنگے داموں شراب فروخت کرنے کی کھلی چھٹی دے دی ہے۔ عید قریب آتے ہی ہوٹلوں میں شراب لینے کے لئے آنے والوں کا رش بڑھ گیا ہے اور لوگ خصوصاً نوجوان غیرقانونی طور پر جتنی چاہے شراب باآسانی خریدتے نظر آتے ہیں۔ افسوسناک صورت حال یہ ہے کہ ہوٹلوں میں تعینات محکمہ ایکسائز کا عملہ چیکنگ اور شراب کی غیرقانونی فروخت کو روکنے کی بجائے الٹا اس مافیا کی سرپرستی کرتا نظر آتا ہے۔ بعض ہوٹلوں میں 24گھنٹے بلاتعطل مہنگے داموں شراب کی فروخت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق عیدالفطر تک جمعہ کے روز بار روم بند ہونے کے باوجود دو ہوٹلوں سے شراب کی فروخت جاری رہے گی۔ اس سلسلہ میں ایکسائز حکام نے دو ہوٹلوں سے مک مکا کر لیا ہے۔ صورتحال سے محکمہ ایکسائز کے افسران و عملہ اور ہوٹل مالکان مالامال جبکہ سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچ رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن