مظفرآباد (آن لائن) وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید کی کال پر آزادکشمیر گلگت بلتستان اور بیرون ممالک تارکین وطن نے بھارتی جارحیت کے خلاف دی جانے والی کال پر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ان احتجاجی ریلیوں میں لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ، مقبوضہ کشمیر میں مساجد کی بے حرمتی، بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی اور دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن پر بھارتی انتہاپسند ہندوﺅںکے حملے پر بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے بھارت کو برصغیر کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید کی قیادت میں سنٹرل پریس کلب مظفرآباد سے بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں کے خلاف نعرے لگائے ۔ ریلی کے شرکاءاقوام متحدہ کے آبزرور مشن پہنچے جہاں وزیراعظم آزادکشمیر نے اقوام متحدہ کے آبزرورمشن کو احتجاجی یاداشت پیش کی۔ یادداشت میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو بھارتی جارحیت سے محفوظ بنائیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں کو بھارتی مظالم سے محفوظ بنائیں۔ اقوام متحدہ اپنے ابزرور مشن کو متحرک اور فعال بنائے۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے اپنے قراردادوں کو عملی جامعہ پہنائے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے، بھارت کو امن تباہ کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم دنیا کی مہذب اقوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی نسل کشی فوراً بند کرائیں۔ بھارت کو طاقت کے ذریعے ریاست جموں وکشمیر کی عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھیں۔ مہذب دنیا جان لے کہ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے جس نے ریاستی دہشت گردی سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ بھارت کی جانب سے سیکولر سٹیٹ کا دعویٰ ڈھونگ ہے۔ بھارت میں انتہا پسند ہندﺅں کی حکومت ہے جس نے اقلیتوں کا جینا برباد کر رکھا ہے۔ بھارت دہشت گرد ملک ہے جس نے سیکولر سٹیٹ کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ کشمیری عوام بھارت کے چہرے سے مصنوعی نقاب اتار پھینکیں گے تاکہ دنیا کے سامنے اس بین الاقوامی دہشت گرد کا چہرہ سامنے آ سکے۔ آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی افواج کی آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال گولہ باری اور اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج کے اندر ایک انتہا پسند ہندو لابی خطے کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے یہی عناصر نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے پر دھاوا بولنے میں بھی ملوث ہیں۔ مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران انتہا پسندوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنیں خطے اور دنیا کے معروضی حالات کا ادراک کریں۔ پاکستان یا آزاد کشمیر کے خلاف کسی مہم جوئی کا سوچنا بھی پورے خطے کو ایٹمی جنگ کا ایندھن بنانے کے مترادف ہو گا۔ صدر بیرونی جارحیت کی صورتحال میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی فوج اور عوام میں موجود مضبوط لابی کو جنگجویانہ سوچ اور ارادوں سے باز رکھے۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں پر زور دیا کہ اگر انتہا پسند وں کو لگام نہ دی گئی تو یہ بھارت کے وجود کیلئے خطرناک ہو گا۔ پادریوں کو زندہ جلانے سمیت اقلیتوں کے خلاف انتہا پسند ہندوﺅں کی کارروائیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ایودھیا مسجد کی شہادت نریندر موری کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام کل کی باتیں ہیں۔ لگتا ہے بھارت کی اعلیٰ عدلیہ ، فوج، سول سوسائٹی اور میڈیا ان عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ بھارتی فوج ان اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جائے بصورت دیگر آزاد کشمیر کے عوام ایک بار پھر بندوق اٹھا کر 1947ءکی یاد تازہ کر دیں گے جب بھارتی حکمرانوں کو اقوام متحدہ میں جا کر جنگ بندی کی بھیک مانگنا پڑی تھی ۔