لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان 15 اگست کو کیا جائے گا جبکہ پاکستان ایشیا کپ میں شرکت کے لئے 19 اگست کو کوالالمپور روانہ ہو جائے گی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی بھرپور تیاری جاری ہے، ٹیم ہیڈ کوچ کی جانب سے مجھے اچھی رپورٹ ملی۔ رضوان سینئر کو معمولی انجری ہوئی تاہم پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ جیتے ہوئے لمبا عرصہ ہو گیا ہے تمام کھلاڑی فوکس ہیں کہ وہ ٹورنامنٹ کو جیت کر 14 اگست اور جشن آزادی کا قوم کو تحفہ دینے کے لئے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے آج صدر پی ایچ ایف کے ساتھ مشاورت کر کے فیصلہ کیا جائے گا تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام معاملے کے حوالے سے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو آگاہ کر دیا، ان کی ہدایات کی روشنی میں ہی پاکستان ٹیم کامن ویلتھ گیمز کے لئے اپنی شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن حکومت کے خلاف کسی صورت نہیں جائے گی۔