عید پر ریلیز ہونےوالی فلمیں ”عشق خدا“ ”جوش“ کی عوام میں مقبولیت

عید پر ریلیز ہونےوالی فلمیں ”عشق خدا“ ”جوش“ کی عوام میں مقبولیت

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد پُرامید ہیں کہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں کی باکس آفس پر کامیابی کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستانی فلمی صنعت اپنے پاﺅں پرکھڑی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق بہت عرصہ بعد پاکستان میں ایک مرتبہ پھر فلمیں بننا شروع ہوگئی ہیں اور عیدالفطر پر اردو، پشتو اور پنجابی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں پرانے پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کے علاوہ نئے پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کی فلمیں بھی شامل ہیں۔ پنجابی فلم ”عشق خدا“ اوراردو فلم ” جوش“ کوعوام نے بے حد پسند کیا ۔دوسری طرف پاکستان میں دوبارہ فلمیں بننے کے بعد راولپنڈی، لاہور اورکراچی سمیت تمام بڑے اورچھوٹے شہروں میں موجود سینما گھروں کے مالکان نے سینما مالکان نے بھی پرانے سینما گھروں کی تزئیں و آرائش کا کام شروع کردیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گوجرانوالہ سمیت کئی بڑے شہروں میں نئے اورجدید طرزکے سینما گھر بھی تعمیرکئے جارہے ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ عیدالفطر پر سرائیکی فلم ”سیمی راول“ بھی نمائش کےلئے پیش کی گئی۔ فلم میں اداکار زاہد علی، دعا قریشی ، راحیلہ آغا اور اخترمہر شامل ہیں۔ البتہ فلم ”میں ہوں شاہد آفریدی“ عیدالفطر پر ریلیز نہیں ہو سکی اور جلد یہ فلم ریلیز ہوگی۔ معروف اداکار شان کی فلمیں بھی عیدالفطر کے فوراً بعد ریلیز ہونگی۔

ای پیپر دی نیشن