اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ ہیں، برطانیہ پاکستان میں جمہوریت کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور سابق حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت کو مکمل کیا ہے، تمام سفارتی برادری وزیراعظم اور اسحاق ڈار کی جانب سے وژن 2025 ء تقریب کے موقع پر کی گئی تقاریر میں پیش کردہ وژن سے نہایت متاثر ہوئی ہے۔ فلپ بارٹن نے کنٹری ہیڈ ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ رچرڈ منٹگیمری کے ساتھ اسحاق ڈار سے خصوصی ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ حکومت جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور پاکستان میں انتخابات یو این ڈی پی، فافن اور دیگر بین الاقوامی مبصرین کی تسلی کے عین مطابق ہوئے ہیں جنہوں نے نہ صرف ان انتخابات کی بھرپور نگرانی کی بلکہ ان کو پاکستان کی تاریخ میں ہونے والے شفاف ترین انتخابات قرار دیا۔ انہوں نے موجودہ غیر جمہوری صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا کہ جس کے باعث کیپیٹل مارکیٹ اور شرح تبادلہ پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔ امریکی سفیر نے معیشت کی ترقی کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ آن لائن سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرف اپنی عینک لگانا بھول گئے تھے جس کے باعث انہوں نے بطور صدر استعفیٰ کے وقت پاکستان کے ذخائر 18 ارب بتائے اور رقم میں ’1‘ کا اضافہ کر دیا، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات ہموار انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، اُمید ہے کہ نتائج اچھے ہوں گے۔
برطانیہ اور یورپی یونین جمہوریت کے ساتھ ہیں: فلپ بارٹن اور اولسن کی اسحاق ڈار سے ملاقاتیں
Aug 13, 2014