لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز بغیر پیشگی اطلاع قینچی سگنل فری جنکشن کے منصوبے کا افتتا ح کیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر ہزاروں لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف زندہ باد، وزیراعلیٰ شہباز شریف زندہ باد، شیر آیا، شیر آیا، لانگ مارچ ٹھاہ، دھرنے مردہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے افتتاح کے بعد سگنل فری جنکشن کا رائونڈ لیا اور 4 مقامات پر رک کر عوام اور منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں سے ہاتھ ملایا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کو شاباش دی اور انہیں انعام کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر مزدوروں نے بھی شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آپ جس طرح عوا م کی خدمت کر رہے ہیں کوئی لانگ مارچ کامیاب نہیں ہو سکتا۔