کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعظم میاں نواز شریف ایک روزہ دورے پر کل (14اگست ) اسلام آباد سے خصوصی طیارے میں کوئٹہ پہنچیں گے۔ پروگرام کے مطابق وزیراعظم ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وادی زیارت جائیں گے جہاں پر وہ قائد اعظم ریذیڈنسی کا افتتاح کرینگے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام اور قبائلی شخصیات موجود ہونگے۔ واضح رہے کہ قائد اعظم ریذیڈنسی کو نامعلوم افراد نے گذشتہ سال دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا اور اسے ایک سال کی قلیل مدت میں کروڑوں روپے کی لاگت سے نیا تعمیر کیا گیا۔ وزیراعظم پروگرام کے مطابق 14اگست کو گورنر ہائوس میں زرغون غر گیس کا بھی افتتاح کرینگے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت پٹرولیم وگیس میر جام کمال، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجو دہونگے۔ گورنر ہائوس میں وزیراعظم کو صوبے میں امن وامان سمیت دیگر ترقیاتی پروگرام کے بارے میں مکمل بریفنگ دی جائیگی۔ وزیراعظم مسلم لیگ کے وفد سے بھی ملاقات کرینگے جس کی قیادت بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری کرینگے۔
زیارت ریذیڈنسی اصل شکل میں بحال وزیراعظم کل افتتاح کرینگے
Aug 13, 2014