تلاشی لے لیں‘ منہاج القرآن میں اسلحہ ہوا تو مارچ منسوخ کر دونگا: طاہر القادری

لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے وفد نے گزشتہ روز علامہ طاہر القادری اور عوامی تحریک کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔ تحریک انصاف اور پی اے ٹی میں 4 نکات پر اتفاق ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  پہلا نکتہ یہ ہے کہ ہماری جدوجہد جمہوی اور پُرامن ہوگی، دوسرا نکتہ یہ ہے کہ ہماری جدوجہد آئین کے دائرے میں ہوگی، تیسرا نکتہ یہ کہ ہماری جدوجہد میں تشدد کا عنصر نہیں ہوگا، چوتھا نکتہ یہ کہ مارشل لاء کا نفاذ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ لاہور کے شہریوں سے ذرا سی بھی ہمدردی ہے تو کنٹینرز ہٹا دیئے جائیں۔ ہماری جدوجہد جمہوری ہے، پاکستان میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، ہماری جدوجہد عدم تشدد پر مبنی ہے، ہم پرامن لوگ ہیں حالات بگڑے تو ذمہ داری وفاقی اور پنجاب حکومت پر ہوگی۔ مارشل لاء کو عوامی تحریک اور تحریک انصاف قبول نہیں کرے گی۔ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی قیادت میں وفد نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ملاقات میں 14 اگست کو آئین و قانون اور جمہوری انداز میں جدوجہد کرنے اور حقیقی جمہوریت کے نفاذ، عدم تشدد کے تحت احتجاج کیا جائے گا اور ملک میں مارشل لاء سمیت کسی بھی غیر آئینی اقدام کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ حکمران عوام کو گمراہ نہ کریں۔ قبل ازیں ایک بیان میں تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء کو کوئی نقصان ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے تمام سیاسی جماعتوں، حکومتی آفیشلز، میڈیا اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت تمام عالمی اداروں کے نمائندوں کو منہاج القرآن آنے اور ادارے کی تلاشی لینے کی دعوت دیدی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل غلط پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ منہاج القرآن میں ناجائز اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر موجود ہیں اگر ناجائز اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر مل جاتے ہیں تو میں نہ صرف انقلاب مارچ منسوخ کرونگا بلکہ جو سزا تجویز کی جائیگی اسے قبول بھی کرونگا۔ ہمارے اوپر بدامنی کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ عوامی تحریک کے کارکن تشدد اور بدامنی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ عوامی تحریک کے کسی کارکن نے بھی گولی نہیں چلائی۔ الطاف بھائی نے ہمارے کارکنوں کیلئے کھانا بھیجا۔ کھانا یہاں لانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حکمرانوں کا یہ فعل قابل مذمت ہے۔ الطاف بھائی کی طرف سے میڈیکل کیمپ لگانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رانا مشہود، خواجہ سعد رفیق تلاشی دیکر میڈیا کے ساتھ آئیں اور منہاج القرآن کا دورہ کریں۔ حکومت کنٹینرز ہٹائے میں کارکنوں کے پرامن رہنے کی ضمانت دیتا ہوں۔ حکومت ہمیں محبوس رکھنا چاہتی ہے۔ ضمانت دیتا ہوں ہماری جدوجہد آخری لمحے تک پرامن رہیگی۔ ہماری تحریک اسلام آباد پہنچ کر بھی پرامن رہیگی۔ یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں کارکنان اور خواتین ٹھہری ہوئی ہیں۔ طلباء کو 21اگست تک چھٹیاں دے کر گھر بھیج دیا گیا ہے۔ میں نے حکومت کیخلاف مسلح جدوجہد کو حرام ڈکلیئر کیا ہے۔ دریں اثناء کارکنوں سے خطاب میں طاہر القادری نے کہا کہ کارکن پرامن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک ہمارے 25 ہزار کارکن گرفتار کرلئے ہیں جبکہ 2 کارکن جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 6 لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ ان کو بھی مار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو کھانا ملنے تک خود بھی کھانا نہیں کھائوں گا۔دریں اثناء عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے حکمرانوں سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں، ہر صورت 14 اگست کو ’’انقلاب مارچ‘‘ ہوگا، ہم ملک سے جمہوریت کا خاتمہ نہیں حقیقی جمہوریت کا قیام، آئین و قانون کی حکمرانی اور غریبوں کے ان کے حقوق دلانا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کے حوالے سے آج دوبارہ مذاکرات ہونگے، ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہم ملک میں حقیقی جمہوریت، آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے ’’یوم انقلاب‘‘کررہے ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون بھی نوازشر یف کا ’’کارنامہ‘‘ہے، نواز شریف قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے قوم کو بتائے کہ ترقی وخوشخالی کی بات کررہے ہوں، جہاں لوگوں کو انکے حقوق نہیں ملتے وہاں جمہوریت نہیں ہوتی ہے، ملک میں غریب کو چھت بھی میسر نہیں ہے، نواز شریف ماضی میں خود مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر آنیکی کی حکمرانوں کو دھمکی دے چکے ہیں آج کوئی مارچ کرے یا دھرنے کی بات کریں تو اسکو کہتے ہیں بغاوت ہے۔ دریں اثناء لاہور کے ماڈل ٹائون اور فیصل ٹائون کے اطراف مزید کنٹینرز لگا کر راستے سیل کر دیئے گئے ہیں اور پولیس کی نفری میں بھی اضا فہ کر دیا گیاہے۔ ہیلمٹ، آنسو گیس سے بچاوکا ماسک اور چشمے لگائے جوان دن رات طاہر القادری کی حفاظت پر معمور ہیں۔ رات گئے عوامی تحریک کے ترجمان قاضی فیض نے پریس کانفرنس میں کہاکہ حکومت چاہے جتنے کنٹینرز اور پولیس کی نفری لگا لے، انقلاب آکر رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...