اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ریاستی و سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے خطے کی صورتحال کے پیش نظر جمہوری عمل جاری و ساری رہے گا۔ فوج کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھائے گی۔ حکومت کا احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں۔ ہمارا مقصد حساس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ طاہر القادری کا بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے میں وجود ہی نہیں۔ منہاج القرآن ایک دینی تنظیم ہے اسے غلط مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ طاہر القادری انقلاب مارچ کیلئے منہاج القرآن کے طلباء کو ڈھال بنا رہے ہیں اپنا ایجنڈا ظاہر نہ کر کے طاہر القادری کہیں نبوت کا دعویٰ تو نہیں کرنیوالے؟۔ عمران خان بنی گالہ کے بادشاہ ہیں، جمہوری نظام کو ختم کیا گیا تو فیڈریشن کا وجود ختم ہو سکتا ہے۔ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پرویز مشرف کا معاملہ عدالتوں میں ہے، حکومت اتنے چھوٹے کردار کی نہیں کہ مشرف کے خلاف کارروائی کرے۔
احتجاج کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا ارادہ ہے نہ فوج غیر آئینی اقدام کرے گی: عبدالقادر بلوچ
Aug 13, 2014