پنجاب‘ سندھ : بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں ہونگے‘ الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ میں شیڈول جمع کروا دیا

Aug 13, 2015

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں شیڈول سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق تین مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ شیڈول کی معقولیت کا جائزہ لے کر آج فیصلہ جاری کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی، قانونی اور جمہوری تقاضا ہے جسے پنجاب اور سندھ حکومت نے تاحال پورا نہیں کیا۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ترمیم کسی آمر نے نہیں کی۔ جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے لیڈر شپ بنتے بنتے قومی سطح تک پہنچتی ہے۔ بلدیاتی ادارے لیڈر شپ کے لئے بہت ضروری ہیں۔ عدالت نے سماعت شروع کی تو الیکشن کمشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد بارے شیڈول پیش کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں تین مختلف مراحل میں بلدیاتی انتخابات ہونگے۔ پہلے مرحلے میں سیاسی اور انتخابی سرگرمیوں کا آغاز 10 ستمبر سے ہوگا پولنگ 14 نومبر 2015 کو ہو گی۔ دوسرے انتخابی مرحلے کا آغاز 14 نومبر سے ہو گا پولنگ 29 نومبر کو ہوگی آخری مرحلے میں پولنگ 19 دسمبر 2015ءکو ہو گی۔ اس بارے میں تمام تر انتظامات بھی مکمل کر لئے جائیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور پنجاب کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عدالت نے کہا کہ ہم نے شیڈول کا جائزہ لے لیا ہے اگر یہ معقول ہوا تو اس پر آج ساڑھے نو بجے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ دے دیں گے۔ عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ/ بلدیاتی الیکشن

مزیدخبریں