منسک (صباح نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے پاکستان خطے میں تمام اقتصادی سرگرمیوں کا قدرتی مرکز ہے، پاکستان اور بیلاروس اقتصادی خوشحالی حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ دونوں ملکوں کا جغرافیائی محل وقوع اہم ہے، دونوں ملک انسانی اور قدرتی وسائل سے مالامال ہیں، ہمیں کاروباری اداروں کے درمیان معاہدوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کیلئے طریقۂ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سب کے لئے پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہم عدم مداخلت اور تعمیری روابط کے ذریعے پرامن ہمسائیگی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منسک میں بیلاز ٹرک اینڈ ہیوی مشینری مینوفیکچرنگ کمپنی کے دورے کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم کو کمپنی کی مصنوعات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں سڑکوں اور ریلوے لائنوں کا جال بچھاتے ہوئے علاقائی رابطہ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا، مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کیلئے بیلاروس کا دروازہ جبکہ بیلا روس بالٹک ریاستوں کیلئے پاکستان کا دروازہ بن سکتا ہے۔ زراعت، تجارت ، معیشت اور صنعت سمیت کئی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہم عدم مداخلت اور تعمیری روابط کے ذریعے پرامن ہمسائیگی چاہتے ہیں۔ بیلاروس کے وزیراعظم ولادی میروچ کوبیاکوف نے فیکٹری میں نواز شریف کا استقبال کیا۔ نواز شریف کو پلانٹ سے متعلق بتایا گیا کہ یہاں تمام موسمی اور کام کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سو سے زائد قسم کے ٹریکٹر اور دو سو سے زائد کے پرزے جوڑ کر تیار کئے جاتے ہیں۔ وزیراعظم کو فیکٹری میں تیار کی جانے والی تعمیراتی مشینری سے متعلق بتایا گیا۔ بیلاز ٹرک کا جدید ترین ماڈل 450 میٹرک ٹن سے زائد وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر قومی غذائی تحفظ سکندر حیات بوسن، وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔ وزیراعظم نے پلانٹ کے مختلف شعبوں کو دیکھا۔ دنیا بھر میں تیار ہونے والے ڈمپ ٹرکوں میں سے ہر تیسرا ٹرک اس کمپنی کا ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے دنیا میں سب سے بڑے ٹرک بنانے والی کمپنی کی صلاحیت و مہارت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پیداواری عمل کے حوالے سے مختلف نوعیت کے سوالات پوچھے۔ انہیں مینوفیکچرنگ کی سہولت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کمپنی نے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز بنائے ہیں، اس کا کوئی مسابقت کار نہیں۔ قریب ترین ٹرک 350 ٹن کے قریب صلاحیت رکھتا ہے جو ان کے تیار کردہ 450 ٹن ماڈل سے 100 ٹن کم ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ پلانٹ میں سہولیات، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان بھی بیلاز ٹرکوں سے استفادہ کرنے والے ممالک میں سے ایک ہوگا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف بیلاروس کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئے۔
پاکستان‘ بیلا روس کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے: نوازشریف
Aug 13, 2015