صدر ممنون حسین نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیرکے صدر سردار محمد یعقوب سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ صدر نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد اور پرامن اقتدار کی منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عوامی نمائندے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے صدر ممنون حسین کو آزاد کشمیر کی مجموعی صورت حال سے آگاہ کیا اور کشمیر کے معاملات میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔