کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کمانڈر سدرن کمان لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان سے بھارت کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کا گرفتار ہونا بھارت کی جانب سے پاکستان پر غیررسمی حملہ تصور کیا جاتا ہے، پاکستان کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا‘ خود کش دھماکے میں شہید ہونے والوں کے بچوں اور لواحقین کا مکمل خیال رکھا جائے گا‘ ہمارے دشمن باہر سے بھی ہیں اور اندرسے بھی‘ دشمن کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، کوئٹہ سول ہسپتال میں وکلائ، صحافیوں اور دیگرافراد پر جو حملہ ہوا ہے اسکا پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان ہوا‘ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کریں گے۔ یہ بات انہوں نے سول ہسپتال کوئٹہ میں خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے کیمرہ مین شہزاد خان اور محمود خان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ بلوچستان کے خلاف سازشوں میں اندرونی اور بیرونی ایجنٹ ملوث ہیں، قسم کھا کر کہتا ہوں کہ وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے دشمن انسانیت کے خلاف جو کچھ کر رہا ہے اسے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 8 اگست کا واقعہ المناک ہے اس میں جو لوگ شہید ہوئے انہیں ہم زندہ تو نہیں کرسکتے مگر انکے لواحقین اور بچوں کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ بلوچستان میں ایسی کارروائیاں کرنے میں اندرونی اور بیرونی عناصر شامل ہیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے‘ ملک اور خاص کر بلوچستان کو آنچ نہیں آنے دینگے۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ غیر رسمی جنگ کا آغاز کر رکھا ہے جس کا واضح ثبوت کل بھوشن یادیو کی بلوچستان کی سرزمین سے گرفتاری ہے۔ عوام اور اداروں نے مل کر اندرونی اور بیرونی عناصر کی اس جنگ کو ختم کرنا ہے۔ چند ممالک پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے، ان میں بھارت بھی شامل ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہوتا۔ ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے۔ بلوچستان ضرور ترقی کرے گا۔ شہدا کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے عوام‘ فوج اور حکومت ان کے ساتھ ہے۔ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے جو لوگوں دین کے نام پر دہشت گردی کر رہے ہیں، خدا کی قسم وہ مسلمان نہیں ہیں۔ آپ کو میری اور مجھے آپ کی طاقت بننا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہاکہ بہت سے ملک بلوچستان کی ترقی نہیں چاہتے۔ بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ دہشت گرد مسلمان نہیں بہکے ہوئے لوگ دین کے نام پر دہشت گردی کرتے ہیں‘ ملک میں بہت سے لوگ بہکے ہوئے ہیں جو دین کے نام پر دہشت گردی کرتے ہیں۔ باہمی اختلافات بھلانا ہونگے۔
کمانڈر سدرن کمانڈ
بھارت نے غیر رسمی جنگ شروع کر دی‘ کل بھوشن کی گرفتاری واضح ثبوت ہے : کمانڈر سدرن کمانڈ
Aug 13, 2016