اسلام آباد+ ٹوبہ ٹیک سنگھ (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کے تمام منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل ہو اور صنعتی پیداوار کو فروغ ملے۔ انہوں نے یہ بات نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورہ کے دوران اس میگا منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کہی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کو منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 82 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے، قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہوگی؟،قوم سے کئے وعدے پورے کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے، اپنی حکومت میں لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔ چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو منصوبے پرابتدا سے لیکر ابتک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر 85.3فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے لئے سرنگوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ سرنگوں کی سٹیل لائننگ کا کام بھی نصف سے زیادہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈیم کے سپل وے اور سٹرکچر کا کام سو فیصد مکمل ہے۔ چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ حادثاتی مشکلات کی وجہ سے منصوبے میں کچھ تاخیر ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے میں مشکلا ت کا ادراک کرتے ہوئے کام کرنا چاہئے تھا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے‘ قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے‘ قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہوگی؟وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دی جائے جس پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے حکم دیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر سی ای او پروجیکٹ نے بتایا کہ منصوبے پر 78فیصد مقامی افراد کو روزگار دیا گیا ہے۔وزیراعظم نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ذاتی طورپر نگرانی کر رہے ہیں جس سے 969میگا واٹ سستی پن بجلی حاصل ہو گی اور تھرمل پاور کی پیداوار پر انحصار کم ہو گا۔ منصوبہ کے مطابق مظفر آباد سے 41کلومیٹر اپ سٹریم نو سیری کے مقام پر سرنگوں کے ذریعے دریائے نیلم کے پانی کا رخ موڑ کر چھترکلاس پر پاور ہاﺅس قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کی چار ٹربائنوں سے کل 969میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ یہ منصوبہ جنوری 2008ءمیں شروع کیا گیا تھا اور 2017ءکے وسط میں مکمل ہو گا۔ یہ میگا منصوبہ چائنہ گی ژوبہ گروپ کمپنی مکمل کر رہی ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف آج اقتصادی راہداری منصوبہ لاہور تا پیر محل کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم صبح 10بجے شورکوٹ ائربیس پر پہنچے گے۔ فیصل آباد‘ ملتان موٹر وے (M-4) کے تیسرے سیکشن شورکوٹ تا خانیوال کا آج سنگ بنیاد رکھیں گے۔ شورکوٹ تا خانیوال 65 کلو میٹر طویل سیکشن کو 2 حصوں میں تعمیر کیا جائے گا‘ منصوبے پر 22ارب روپے لاگت آئے گی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ اس سیکشن کی تکمیل سے فیصل آباد ملتان موٹر وے کا منصوبہ مکمل ہو جائے گا‘ جس سے یہ اہم ترین شاہراہ ملک کے موٹر وے نیٹ ورک کا اہم حصہ بن جائے گی۔ وسطی ایشیا اور افغانستان سے طورخم بارڈر کے ذریعہ سے آنے والی سفری اور تجارتی ٹریفک کو گوادر پورٹ تک رسائی ممکن ہو گی۔ منصوبہ کی مجموعی لاگت 22ارب روپے آئے گی یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا۔
وزیراعظم
وعدے ہر صورت پورے کرینگے‘ لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہو گی : نوازشریف
Aug 13, 2016