بارش‘ لاہور میں مزید 22فیڈرز ٹرپ: لوڈشیڈنگ جاری‘ لوگوں کو مشکلات

Aug 13, 2016

لاہور (کامرس رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران) مون سون بارشوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور لاہور سمیت راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ مالاکنڈ‘ اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش ہوئی جبکہ ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی سے شارٹ فال کم رہا جس کے باعث لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم رکھا گیا تاہم جن علاقوں میں بارش ہوئی وہاں ترسیلی نظام متاثر ہوا اور درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ جن علاقوں میں ٹرانسفارمر جل گئے وہاں ٹرانسفارمر کی تبدیلی تاخیر کا شکار رہی جس کے باعث ان علاقوں میں بجلی کی بندش کادورانیہ طویل رہا ۔ شارٹ فال میں کمی کے باعث انڈسٹریز کو ایک بار پھر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ شروع کر د یا گیا۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں دوپہرکے وقت ہونے والی بارش سے لیسکو کے مزید 22 فیڈرز ٹرپ ہوئے جن کی بحالی بارش رکنے کے بعد کردی گئی اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری رہنے کے باعث آئیسکو میں ترسیلی نظام زیادہ متاثر ہوا ۔ گزشتہ روز شہروں میں 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی 18گھنٹے تک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے شہریوں کے کاروبار تباہ ہو کر رہ گئے۔ آن لائن کے مطابق تربیال غازی میں گرڈ سٹیشن کی خرابی کی وجہ سے بجلی بریک ڈاﺅن رہا۔ گزشتہ روز دن بھر اور جمعہ کی نماز کے وقت بھی بجلی غائب رہی۔ غازی کا علاقہ شدید ٹرپنگ کی زد میں رہا۔ عوام نے پیسکو کی نااہلی کے باعث بجلی کی بار بار معطلی پر سخت شدید احتجاج کیا۔ علاوہ ازیں کئی شہروں میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا تاہم موسم خوشگوار رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پی کے‘ بالاکوٹ 62‘ ڈی آئی خان 41‘ مالم جبہ 26‘ کوہاٹ 9‘ دیر 8 میں 13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش/ فیڈرز ٹرپ کر گئے

مزیدخبریں