جرنلسٹ پروٹیکشن بل قومی اسمبلی کے رواں سیشن سے منظور کرایا جائیگا: ایاز صادق

Aug 13, 2016

 سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ تین سالوں سے زیر التواءجرنلسٹ پروٹیکشن بل قومی اسمبلی کے موجودہ سیشن سے منظور کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافتی برادری دوران کوریج شہید اور زخمی ہونے والے میڈیا نمائندگان کیلئے جرنلسٹ وکٹم فنڈ کا قیام عمل میں لائے،حکومت بھی اس میں شراکت دار بنے گی،پارلیمانی رپورٹرز کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کروں گا،صحافتی تنظیموں ،پارلیمانی رپورٹرز اور ایوان کے حکام میں رابطے کیلئے وزرات اطلاعات فوکل پرسن تعینات کرے،قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی مشترکہ ورکشاپس ہونی چاہیے تاکہ ان میں بہتر رابطے قائم ہوں،افسوس کی بات ہے کہ لاکھ روپے کے کیمرے کی تو انشورنس ہوتی ہے لیکن کیمرہ چلانے والی قیمتی انسانی جان کی کوئی انشورنش نہیں،اس سلسلے میں سٹیٹ لائف آف پاکستان سے خصوصی پیکج کیلئے بات کی جاسکتی ہے۔وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے کوئٹہ میں خودکش حملہ میں دو کیمرہ مینوں کی شہادت پر منعقد تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے،تعزیتی ریفرنس میں اسپیکر ایاز صادق کے علاوہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات صبامحسن اورنامور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سانحہ کوئٹہ میں شہید وکلاءاور صحافیوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔تعزیتی ریفرنس میں پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کی طرف سے حکومت سے جرنلسٹ وکٹم فنڈ کے قیام،شہید صحافیوں کے اہلخانہ کی مالی معاونت اور تحفظ کیلئے حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی جبکہ بلوچستان حکومت کی طرف سے شہید کیمرہ مینوں کی بیواﺅں کو ملازمتیں دینے کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سانحہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بلموجودہ سیشن میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔
ایاز صادق

مزیدخبریں