وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے حوالے سے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی طرف سے تیار کیا گیا ریفرنس گزشتہ روز بھی سپیکر چیمبر میں دائر نہ ہوسکا۔ ریفرنس کے مدعی عمر فاروق کاکا خیل اور جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے ترجمان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ قومی اسمبلی میں کئی گھنٹے سپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی کا انتظار کرتے رہے مگر ان کی ملاقات نہ ہوسکی۔ شیخ احسن الدین نے بتایا کہ ہم نے بذریعہ ڈاک بھی ریفرنس بھیجا لیکن سپیکر چیمبر اور سیکرٹری قومی اسمبلی کا آفس دانستہ ریفرنس وصول نہیں کررہا۔ تین دن سے مختلف بہانے استعمال کئے جارہے ہیں۔ سپیکر چیمبر کا یہ دوہرا معیار ہے کہ جب عمران خان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کیلئے دانیال عزیز اور طلال چوہدری گئے تو ان کا استقبال کیا گیا۔ اب ہماری درخواست کو وصول نہیں کیا جا رہا۔ سابق سیکرٹری الیکشن کمشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ افتخار محمد چودھری کا ریفرنس وزیراعظم کیلئے بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اس ریفرنس میں آرٹیکل کے تحت وزیراعظم کی وفاداری پر سوال اٹھایا گیا ہے۔ الیکشن کمشن میں دائر کی گئی وزیراعظم کی نااہلی کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کی درخواستیں بھی وزیراعظم کیلئے مشکلات پیدا کریں گی۔
افتخار چودھری/ ریفرنس