کراچی(نمائندہ نوائے وقت)مقامی عدالت نے دہری شہریت کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کے وارنٹ گرفتاری کردیئے ہیں۔سیشن جج جنوبی کراچی کی عدالت میں ہفتہ کودہری شہریت کیس میں نااہل قرار دیئے گئے ارکان اسمبلی کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کو گرفتار کرکے یکم ستمبر تک پیش کرنے کا حکم دیا۔دہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل ہونے والی دونوں ملزماں کی بریت کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں اور اب ان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی۔ فرح ناز اصفہانی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ علاج کیلیے ملک سے باہر ہیں اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔الیکشن کمیشن کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزماں کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ دہری شہریت کیس میں صوبائی الیکشن کمیشن کی درخواست پر دونوں خواتین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ سابق سفیر حسین حقانی کی بیوی فرح ناز اصفہانی امریکا اور نادیہ گبول کینیڈا کی شہریت رکھتی ہیں۔
دہری شہریت کیس