لاہور (خصوصی رپورٹر+ کلچرل رپورٹر+ نیوز رپورٹر) نیازی چوک راوی روڈ سے داتا دربار تک فلڈ لائٹس‘ برقی قمقوں‘ نوازشریف کی بڑی تصاویر‘ بڑی تعداد میں رنگ برنگے فلیکس اور بینروں کے ساتھ دس استقبالیہ پوائنٹس پر مسلم لیگ ن کے ترانے بجاکر دو کلو میٹر سے زائد سڑک کو پنڈال کی شکل دی گئی تھی۔ استقبالیہ پوائنٹس سے نوازشریف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف راوی پل کراس کرکے نیازی چوک پہنچے تو وہاں مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک کے حلقہ این اے 123 اور مہر اشتیاق ایم این اے کے حلقہ 121 کے لوگوں سمیت ضلع قصور سے قومی اسمبلی کے پانچ ممبران سلمان حنیف‘ وسیم اختر شیخ‘ ملک رشید احمد خان‘ رانا اسحاق خان‘ رانا حیات خان اور 7ممبران پنجاب اسمبلی صوبائی وزیر شیخ علاء الدین‘ ملک محمد احمد خان‘ یعقوب ندیم سیٹھی‘ انیس قریشی‘ ملک احمد سعید خان‘ نعیم صفدر عباسی اور محمود انور کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں آنے والے افراد نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر نوازشریف نے اپنی گاڑی رکوا کر یہاں استقبال کرنے والوں کو ہاتھ ہلایا۔ استقبال کرنے والے افراد نے پُرجوش انداز میں ’’نواز شریف وی لو یو‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔