سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میوزیکل کنسرٹ کی اجازت دیدی

Aug 13, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے سب سے بڑے سٹیڈیم میں جشن آزادی پر کوئی ہاکی مقابلے کرانے کی بجائے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو جشن آزادی کا میوزیکل کنسرٹ کرانے کی اجازت دیدی ہے جس سے سٹیڈیم میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بچھائی جانے والی ٹرف کو نقصان پہچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے نے سپورٹس بورڈ حکام سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میوزیکل کنسرٹ کرانے کی اجازت مانگی تھی جس کے انہیں اجازت دیدی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے میوزیکل کنسرٹ کے لیے سٹیڈیم کی سیڑھیوں میں سٹیج بنانے کی اجازت کی دی ہے، سٹیج بنانے کا تمام سامان ٹرف کے اوپر سے گزار کر دوسری جانب پہنچایا گیا جس کی بنا پر ٹرف کے خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگلے ماہ لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی کرنی ہے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے ہاکی سٹیڈیم میں میوزیکل کنسرٹ کی اجازت دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر وہاں پریکٹس کرنے والے اکثر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ جب نشتر سپورٹس کمپلیکس میں الحمرا اوپن آرٹ سنٹر موجود ہے جہاں میوزیکل پروگرام کرائے جاتے ہیں۔ سپورٹس بورڈ کی انتظامیہ نے اس کی بجائے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میوزیکل کنسرٹ کیوں کرایا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں کمیشن مافیا اپنے مفاد کی خاطر کچھ بھی کر گزرتا ہے۔

مزیدخبریں