بھارت کو بدترین شکست‘ انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ اننگز اور159 رنز سے جیت لیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک )لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 159رنز سے مات دے دی ہے۔ میچ میں جیت کے ساتھ انگلش ٹیم نے 5 میچوں کی سیریز میں 0-2کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔میچ میں انگلش کھلاڑی کرس ووکس آل رائونڈ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار پائے گئے جبکہ اینڈرسن دونوں اننگز میں 9 وکٹ لے اڑے۔لارڈز ٹیسٹ میں چوتھے روزبھارتی سورما انگلش ٹیم کی جانب سے دی گئی 289رنز کی برتری کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں صرف 130رنز پرپویلین لوٹ گئے۔ٹیم کی جانب سے روی چندرن ایشون 33رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے تاہم انگلش بائولرز کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ نے 4،4 شکار کیے جبکہ کرس ووکس کے حصے میں بھی 2 وکٹیں آئیں‘سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 396رنز 7وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی اور انہیں بھارتی ٹیم پر مجموعی طور پر 289رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ٹیم کی جانب سے کرس ووکس نے شاندار 137رنز سکور کیے جس میں انہوں نے گرائونڈ کے چاروں اطراف 21چوکے لگائے جبکہ جونی بیئرسٹو 93رنز اور سیم کرین 40رنز کے ساتھ نمایاں رہے ‘تاہم بھارتی بائولرز کی جانب سے محمد شامی اور ہردیک پانڈیا نے3،3 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔اس سے قبل میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کے بھارت کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جوبالکل ان کے حق میں گیا اور جیمز اینڈرسن کی تباہ کن بائولنگ کے باعث بھارتی سورما اپنی پہلی اننگز میں صرف 107رنز پر ڈھیر ہوگئے تھے‘جیمز اینڈرسن نے میچ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ ناٹنگھم میں 18 اگست کھیلا جائے گا جو پاکستا نی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...