مختلف پراڈکٹس کے 18لاکھ سے زائد پیکٹس ، ناقص تیل اور مضر صحت مصالحہ جات برآمد

لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے جوس، دودھ، ٹی وایٹنر بنانے والی دومعروف فیکٹریاں، مضرصحت اجزاء کے استعمال پر نمکو فیکٹری اور صفائی کے ناقص انتظامات پر شادی ہال سیل کر دیا۔ مختلف پراڈکٹس کے 18 لاکھ سے زائد پیکٹس،بھاری مقدار میں ناقص تیل ،مضر صحت مصالحاجات بھی برآمدکر لیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی آصف بلال لودھی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شیخوپورہ روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے معروف جوس تیار کرنے والی فیکڑی کو سیل کر دیا۔فیکڑی میں فروٹ جوس کے نام پر ایکسپائر فلیورز،غیر معیاری رنگوں سے مضر صحت کیمیکلزتیار کیا جا رہا تھا۔لاہور روڈ جڑانوالہ میں کاروائی کرتے فوڈ سیفٹی ٹیمز نے معروف دودھ ،ٹی وائٹنراور جوس بنانے والی فیکڑی کو مضر صحت اجزاء کے استعمال،مصنوعات پر اجزاء ترکیبی کی تفصیل نہ ہونے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لوگوا ستعمال کرنے پر سیل کر دیا۔دوسری جانب فوڈ سیفٹی ٹیمزنے گندے تیل، ملاوٹی مصالحہ جات،گندے زنگ آلودبرتنوںکے استعمال سے نمکو تیار کرنے پر معروف نمکو یونٹ سیل کر دیا۔مزید برآں گرومانگٹ روڈ پر واقع شہر کامعروف ترین شادی ہال بھی سیل کر دیا گیا۔کچن ایریا میں حشرات کی بھرمار،کاکروچ،کیڑے مکوڑوں ،مکڑی کے جالوں کی موجودگی ،ورکرز کی ذاتی صفائی اور میڈیکلز نہ ہونے پر شادی ہال کو سیل کیا گیا۔ڈی جی فوڈ نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔تمام فوڈ انڈسٹری خوراک سے متعلق تمام قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔

ای پیپر دی نیشن