لاہور :کشمیری قیادت کو آرٹیکل 35 کی بقاء کیلئے متحد ہوجانا چاہئے:لیاقت بلوچ

Aug 13, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں کشمیری طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دلی سرکار اور ناجائز قابض فوج کے خلاف کشمیری بزرگوں ، خواتین ، طلبہ اور نوجوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں ۔ پاکیزہ خون رنگ لائے گا ۔ کشمیریوں کو آزادی اور حق خود ارادیت ضرورملے گا ۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل 35-A کے تحت مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو کچھ مراعات حاصل ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اسی آرٹیکل کی وجہ سے ہے ۔ جموں و کشمیر کے عوام اور تمام جماعتوں کو اس آرٹیکل کی بقاء کے لیے متحد ہوجاناچاہیے ۔نگران حکومت اور تحریک انصاف کی حکومت کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل بڑا چیلنج ہے ۔پی ٹی آئی نے انتخابی مہم میں بلند بانگ دعو ے اور اعلانات کیے تھے مگر اب انہیں احساس ہورہاہے کہ حکومت کرنا اور وعدے پورے کرنا مشکل کام ہے ۔ ملک گھمبیر مسائل سے دوچار ہے ۔ ایک لیڈر یا ایک پارٹی نہیں ، قومی ترجیحات اور قومی ایجنڈا پر قومی قیادت کو متحد ہونا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان یوم آزادی کے موقع پر اپنے عزم سے ثابت کر دیں کہ قائد اعظم کا پاکستان بحال کریں گے ۔ علامہ اقبال کی فکر کے مطابق پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنائیں گے ۔ آزادو خود مختار پاکستان کے لیے فضول خرچی ، کرپشن ، اقرباپروری ، سفارش ، میرٹ کی پامالی کا خاتمہ کرناہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ آئین و قانون کی حکمرانی ، ترقی ، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور آزاد خارجہ پالیسی کے بغیر پاکستان مستحکم نہیں ہوسکتا ۔

مزیدخبریں