اسلام آباد(آن لائن)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کا وفد آج پیر کو اسلام آباد پہنچ رہاہے۔ وفد پاکستان میں انسدادمنی لانڈرنگ پر عملی اقدامات اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے حوالے سے مختلف وزارتوں سے خصوصی بریفنگ لے گا اور 16اگست تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ وفد میں ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) کے اراکین شامل ہوں گے ۔وفد نگران حکومت میں شامل وزراء اور انتظامیہ سے ملاقاتیں کرے گا،وفد کے دورے کامقصد پاکستان کی جانب سے جمع کروائی گئی عملدرآمد رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیناہے جبکہ ایف اے ٹی ایف کا وفد پاکستان میں انسداد منی لانڈرنگ کے حوالے سے عملی اقدامات اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام پر بھی بریفنگ لے گا ۔وفد مختلف وزارتوں اور متعلقہ محکموں سے خصوصی طورپر معلومات کا تبادلہ بھی کرے گا۔ واضح رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کررکھا ہے جسے اس فہرست سے نکالنے کیلئے پاکستان نے عملدرآمد رپورٹ جمع کروائی تھی جس کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے یہ وفد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔
ایف اے ٹی ایف
ایف اے ٹی ایف کا وفد آج اسلام آباد پہنچے گا نگران وزرا اور انتظامیہ سے ملاقاتیں کرے گیا
Aug 13, 2018