گورنر ہائوس بلڈوز نہیں کر سکتے‘کوشش ہو گی پیپلز پارٹی ساتھ دے: نامزد گورنر سندھ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ترقیاتی کاموں میں پیپلز پارٹی بھی ہمارا ساتھ دے۔ میئر کراچی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سندھ میں اپوزیشن لیڈر سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ کراچی کے ہر منصوبے میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔ کراچی دس سال میں بہت پیچھے چلا گیا ہے۔ پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف کا ہی ہو گا، ہم حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے۔ عمران خان کے پروگرام پر عمل کریں گے۔ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ گورنر ہائوس تاریخی عمارت ہے بلڈوز نہیں کر سکتے، وہاں تعلیمی ادارہ بنائیں گے۔ دیکھیں گے گورنر ہائوس کو لائبریری بنانا ہے یا کچھ اور۔ گورنر ہائوس کے اخراجات کم کریں گے۔ گورنر ہائوس کا آفس استعمال کیا جائے گا وہاں رہائش اختیار نہیں کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن