ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی فضائی ڈیفنس فورس نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا اورایک بیلسٹک میزائل سرحدی شہر جازان میں مار گراتے ہوئے ملک کوتباہی سے بچا لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ یمن سے جازان میں داغا گیا بیلسٹک میزائل مار گرایا گیا۔ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔یمن میں آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یمن کے شہر مآرب کی مشرقی کالونی میں ایران نواز حوثی شدت پسندوں کی گولہ باری کے نتیجے میں دو کم سن بچیاں شہید اوردو زخمی ہو گئیں۔ زخمی ہونے والی بچیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق گورنرمآرب کے پریس سیکرٹری علی الغلیسی نے بتایا کہ مآرب گورنری کے مرکز میں متمرکز حوثی ملیشیا نے ہفتے کو شہری آبادی پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو بچیاں شہید ہوگئیں۔اْنہوں نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے داغا گیا مارٹر کا گولہ الزراعہ کالونی میں محمد یحییٰ الشامی نامی شہری کے گھر پر جا گرا جس کے نتیجے میں دو بچیاں چار سالہ مریم احد ابراہیم الخضری اورآٹھ سالہ فتحیہ حسن علی الریمی شہید جب کہ گیارہ سالہ سلویٰ احمد ابراہیم الخضری اور عوالی حسن علی احمد الریمی زخمی ہوگئیں۔