سری نگر (آئی این پی، کے پی آئی، نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں چودہ اگست کو یوم آزادی پاکستان منایاجائیگا جبکہ بھارتی یوم آزادی کے موقعے پر یوم سیاہ منایاجائے گا۔ حریت مزاحمتی قیادت نے مکمل ہڑتال کی اپیل کردی۔حریت قیادت نے اپیل کی کہ بھارتی یوم آزادی پر پندرہ اگست کو یوم سیاہ منایاجائے گا اور اس روز کشمیری اپنا کاروبار بند رکھیں گے جبکہ چودہ اگست کو یوم پاکستان کے موقعے پر تقریبات ہوں گی۔کشمیری ہرسال یوم آزادی پاکستان مناتے ہیں جبکہ بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ مناتے ہیں۔دوسری جانب سری نگر میں جھڑپ میں ایک بھارتی اہلکار ہلاک جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے ۔ بھارتی فورسز،سپیشل آپریشن گروپ(ایس او جی) نے سری نگر کے بٹہ مالو علاقے کا محاصرہ کیا ۔اس دوران عسکریت پسندوں اور بھارتی فورسز میں جھڑپ ہوئی۔ ریاستی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ(ایس او جی) کا ایک جوان ہلاک جبکہ4 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ جھڑپ کے بعد بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ۔ سری نگر کے زیادہ تر علاقوں میں موبائل اور انٹر نٹ سروس معطل کر دی گئی ہے ۔ترال میں گرفتاریوں کے خلاف دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ ترال میں عسکریت پسندوں کے رشتہ داروں کو رہا نہ کرنے کے خلاف قصبے میں مکمل ہڑتا ل رہی۔ پلوامہ میں آپریشن کے دوران نوجوان مشتعل ہوگئے اور مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ سائونڈ شیلز کا بھی استعمال کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں پتھرائو میں ملوث افراد کو پولیس اسٹیشنوں پر طلب کیا جا رہا ہے۔ ادھر نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی تقریبات نزدیک آنے کے ساتھ ہی سرینگر میں سکیورٹی کو متحرک کیا گیا ہے۔ سیول لائنز کے لالچوک ، ریگل چوک، ڈلگیٹ ، بٹہ مالو کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں چپے چپے پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جو راہگیروں اور گاڑیوں میں سوار مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لے۔ رہے تھے۔ مشترکہ حریت قیادت علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے 15اگست کو جموںوکشمیر میں مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کے ساتھ ساتھ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہااپنی آزادی کا جشن منانے والوں نے جس طرح بے پناہ فوجی قوت اور طاقت کے بل پر ایک مظلوم قوم سے آزادی کا حق چھینا ہے اور پھر حق آزادی کے مطالبے پر پوری قوم کو تعذیب ، تشدد ، مظالم اور گرفتاریوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ اس ملک کی جمہوریت کے کھوکھلے پن کو ظاہر کرتی ہے ۔ سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ مرتے دم تک دفعہ 35اے کا دفاع کرنے کی لڑائی لڑیں گے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ قانون کیساتھ کوئی چھیڑ چھاڑکی گئی تو حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے۔مسلم لیگ جموں وکشمیر کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ کے چاچا انجینئر محمد اسداللہ بٹ اندرانگر سرینگرمیںمختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ حریت کانفرنس تحریک حریت، مسلم لیگ اور ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے مسرت عالم اور لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ سے وابستہ 24 سپیشل پولیس افیسرز ( ایس پی او) نے پولیس کی ملازمت چھوڑ دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر: کشمیری کل پاکستان کا یوم آزادی منائیں گے، جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ، 4زخمی
Aug 13, 2018