راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوزرپورٹر)جشن آزادی کے سلسلے میں راولپنڈی کے بازار ، گلیاں ، سڑکیں ، گھر جھنڈیوں ، قومی پرچم لہرانے اور قمقمے لگانے سے سج گئے شہر اور کینٹ میں جگہ جگہ ملی نغموں کی دھنیں بھکر رہی ہیں بچے ، جوان ، بزرگ ، خواتین سن پیارے وطن پاکستان کے قیام کی خوشیاں منانے میں مگن ہوگئیں شہریوں نے اپنی گاڑیاں ، موٹر سائیکل ، ٹھیلے بھی رنگ برنگی جھنڈیوں اور پاکستان کے قومی پرچموں کی جھنڈیوں سے سجا لئے ہیں مری روڈ ، پشاور روڈ ، بینک روڈ ، کشمیر روڈ ، چکلالہ سکیم تھری ، کمرشل مارکیٹ ، صادق آباد ، ڈھوک ھبہ ، راجہ بازار ، بنی ، سید پورروڈ ، کٹاریاں، پیر وھائی ، اڈیالہ روڈ ، ٹنچ بھٓتہ ، مصریال روڈ ، ڈھوک سیداں روڈ ، کلمہ چوک ، لالہ زار سمیت جگہ جگہ جشن آزادی منانے میں شہری مگن ہوگئے ہیں۔ راولپنڈی میںجشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔شہر کی بیشتر عمارتوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی ، چکلالہ کینٹ ، میونسپل کارپوریشن اور دیگر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔سرکاری عمارتوں پر برقی قمقموں سے بھی قومی پرچم بنائے گئے ہیں۔ شہر کے بازاروں اور گلیوں کو بھی سجا دیا گیا ہے۔کئی ایک گھروں پر بھی جشن آزادی کی خوشی میں چراغاں کیا گیا ہے۔ رات دیر گئے تک نوجوان اور بچے قومی پرچمو والا لباس پہنے شہر میں گھومتے رہے ۔اور ملی نغمے گاتے رہے۔ کئی نوجوانوں نے اپنے چہروں پر قومی پرچم بھی پینٹ کر رکھا تھا۔
جشن آزادی ، بازار ، گلیاں ، سڑکیں ، گھر جھنڈیوں ، قومی پرچم لہرانے اور قمقمے لگانے سے سج گئے
Aug 13, 2018