اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) نے نجی نیوز چینل پر نشر ہونے والی خبر کی وضاحت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کارپوریشن کے ذمہ قومی ایئرلائن کے 96 ٹکٹوں کے واجبات واجب الادا ہیں جو 15 مئی کو پاک۔چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں منعقد ہونے والے قومی آئیکوں گالا میں شرکت کے لئے آنے والے فنکاروں کو فراہم کئے گئے تھے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) نے جاری اپنے وضاحتی پیغام میں کہا ہے کہ اس بات کی وضاحت کی جاتی ہے کہ پی ٹی وی سی کا اس ادائیگی سے کسی بھی قسم کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اس تقریب کا اہتمام اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و ادبی ورثہ کی طرف سے ذاتی حیثیت میں کیا گیا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ممتاز ماڈل/اداکارہ ونیزہ احمد اس پراجیکٹ کی نگران تھیں اور تمام ادائیگیاں، سپانسر شپس اور انتظامات کی نگران وہ تھیں۔ نیشنل آئیکوں گالا کے حوالے سے متعلق کسی بھی واجب الادا ادائیگی کو پی ٹی وی سی سے منسوب نہ کیا جائے اور پی آئی اے کا کسی بھی ادائیگی سے متعلق کوئی مسئلہ ہے تو انہیں منتظمین سے رابطہ کرنا چاہئے نہ کہ پی ٹی وی سے۔