مکہ مکرمہ (اے پی پی) حج ٹاسک فورس کے معاون ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد وصل الاحمدی نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے حج آپریشن کی بہترین منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ ۔سعودی اخبار کے مطابق مکہ مکرمہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر الاحمدی نے مزیدکہا کہ حج آپریشن 6 مرحلوں پر مشتمل ہے جس کا آغازذوالقعدہ کی 20 تاریخ سے کیا جاچکا ہے جو حج کے اختتام تک جاری رہے گا۔ اس موقع پرادارہ امن عامہ کے معاون ڈائریکٹر بریگیڈیئر ناصر القحطانی نے کہا کہ مشاعر مقدسہ میں حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ امن عامہ کے اضافی عہدیداروں اور اہلکاروں کی ذمہ داریاں متعین کر دی گئی ہیں۔ القحطانی نے مزید کہا کہ حج ہمارے لئے ریڈ لائن ہے جسے کسی اور مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کسی بھی صورت میں کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔مشاعر مقدسہ میں تربیت یافتہ پولیس اہلکاروں کے دستوں کو متعین کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے دستے غیر قانونی طور پر مشاعر مقدسہ آنے والوں کی بھی تفتیش کریں گے۔ غیر قانونی افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا جن کے فنگر پرنٹ لے کر انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیاجائے گا۔ مشاعر مقدسہ میں غیر قانونی طور پر ڈیرہ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ دریں اثناء مکہ مکرمہ پولیس انچارج عبداللطیف الشثری نے کہا کہ داخلی عازمین کے حوالے سے اب تک 72 فرضی حج اداروں کو سیل کر کے 93 افراد کو گرفتار کیاجاچکا ہے۔ دوران حج امن عامہ کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کیلئے جامع منصوبے پر کام کیا جائے گا۔ دوران حج مشاعر مقدسہ میں 40 مستقل چیک پوسٹوں کے علاوہ موبائل اور سنیپ چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔
سعودی عرب ، تمام انتظامات مکمل ، حج آپریشن 6 مرحلوں پر مشتمل ہے
Aug 13, 2018