خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب 112 اراکین صوبائی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

Aug 13, 2018 | 11:50

ویب ڈیسک

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، پریذائڈنگ افسر سردار اورنگزیب نلوٹھا نے ارکان سے حلف لیا، ایوان نئے مہمانوں سے 76 دن بعد کھچا کھچ بھر گیا۔نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے گورنر نے آئین کے آرٹیکل 53 اور 127 کے تحت سردار اورنگزیب نلوٹھا کو پریذائیڈنگ افسرمقرر کیا جنہوں نے سپیکر کی غیر موجودگی میں نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ نامزد سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہیں۔دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر راحیلہ درانی کی صدارت میں آج ہوگا، 65 کے ایوان میں 62 نو منتخب ارکان حلف لیں گے، پی بی 35 مستونگ میں خودکش حملے میں نوبزادہ میر سراج رئیسانی کی شہادت کے بعد انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے، پی بی 41 سے ایم ایم اے کے امیدوار زاہد علی ریکی کا نتیجہ روک لیا گیا جبکہ پی بی 26 ایچ ڈی پی کے امیدوار احمد علی کا کیس محکمہ داخلہ کے پاس ہے۔

حلف برداری کے بعد اجلاس شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا جائے گا، شام کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا، نئے سپیکر سے حلف لینے کے بعد موجودہ سپیکر راحیلہ درانی کرسی نئے سپیکر کے حوالے کریں گی جس کے بعد نئے سپیکر کی نگرانی میں ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا. اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ،سکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں