لاہور‘ وزیرآباد‘ قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگاران) لاہور میں مختلف مقامات پر ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی‘ زیورات اور قیمتی اشیاء سے محروم کر دیے گئے۔ ہربنس پورہ میں مسلح ڈاکو مظہر کے گھر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 6لاکھ 20 ہزار مالیت‘ گارڈن ٹائون عارف وسیم کے گھر اسلحہ کے زور پر 5لاکھ15 ہزارمالیت‘ مانگا منڈی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو عارف اور فیملی سے 2لاکھ 50ہزار مالیت‘ وحدت کالونی میں انور اور فیملی سے 1لاکھ 35ہزار نقدی و زیوارات اور سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ شالیمار میں زبیر سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر 60ہزار‘ پرانی انارکلی میں عبداللہ سے گن پوائنٹ پر43ہزار نقدی موبائل فون اور جنوبی چھاونی سے گن پوائنٹ پر موسی سے 25ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ چور سبزاہ زار اور ساندہ سے گاڑیاں جبکہ اچھرہ، باٹا پور اور مصری شاہ سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔ دریں اثناء وزیرآباد تھانہ سٹی کے علاقہ چیمہ کالونی میں جاپان میں مقیم دو بھائیوں طاہر اسلم اور شاہد اسلم کے گھر دن دیہاڑے ڈاکو سوا کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات، ملکی وغیر ملکی کرنسی، قیمتی موبائل اور گھڑیاں لوٹ کر فرارہو گئے۔ مزید برآں قلعہ دیدار سنگھ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر محنت کش قتل، مقامی پولیس نے چند گھنٹوں بعد ہی سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ لدھیوالہ وڑائچ کا 53سالہ حاجی قاسم اُگوچک قلعہ دیدار سنگھ میں اپنے ڈیرہ پر سویا ہواتھا کہ ڈاکوگزشتہ رات بھینسیں کھول کر لیجا رہے تھے۔ حاجی قاسم نے مزاحمت کر دی جس پر ڈاکوئوں نے ہاتھ باندھ کر سر پر کلہاڑی کے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا اوردو بھینسیں لے کر فرارہو گئے۔ پولیس نے چند گھنٹوں بعد ہی اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزمان ملک آصف ، ملک امیر حمزہ اور ملک وقار کو گرفتار کرلیا۔