اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم بی آر ٹی منصوبہ کا آج (جمعرات) افتتاح کریں گے‘ اس منصوبہ پر80ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ حکومت قبل ازیں 9 بار افتتاح کی تاریخ کا اعلان کر چکی ہے۔ بی آر ٹی بسوں میں سفر کرنے کے لیے شہریوں میں سفری کارڈز کی تقسیم بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت مجموعی طور پر ایک لاکھ سفری کارڈز تقسیم کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان آج13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا افتتاح کریں گے اور ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو بی آر ٹی پشاور سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔ اس سے قبل بھی حکومت بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے کئی بار تاریخ دے چکی ہے تاہم تاحال حکومت بی آر ٹی منصوبے کو عوام کے لئے کھولنے میں ناکام رہی ہے۔ حکومت نے بی آر ٹی منصوبے کو 49 ارب روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم 80 ارب سے زائد رقم خرچ ہونے کے بعد اڑھائی سال سے زائد عرصے میں بھی اس منصوبہ کا افتتاح نہیں کیا جا سکا۔
وزیراعظم آج پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کرینگے، 80 ارب لاگت آئی
Aug 13, 2020