اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سے اٹلی کے سفیر اندریس فیراریس نے اسلام آباد میں ملاقات کی جسمیںدوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین ہر سطح پر بہترین روابط ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عوام افسردہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وائرس نے دنیا کی معیشتوں کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا وقت آگیا ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان کی معیشت کی سمت درست ہوئی ہے اور کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے ایک مثال قائم کی ہے جس کی دنیا معترف ہے۔انھوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے باعث وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی پر حکومت پوری طرح سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پارلیمانی، تجارتی، اقتصادی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ روابط میں تیزی لانے سے دونوں ملک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پر کشش مراعات کی پالیسی متعارف کرائی ہے اورغیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے استفادہ کر سکتے ہیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوںنے پارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان خطے اور علاقائی امن کو اہم سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور یورپی یونین کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے اور اپنا کردار ادا کرے۔
سینیٹ میں قائد ایوان سے اٹلی کے سفیر اندریس فیراریس کی ملاقات
Aug 13, 2020